ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وائناڈ سانحہ میں متوفیوں کی تعداد 365 ہوگئی، جاں بحق ہونے والوں میں30بچے شامل ، بچاؤ آپریشن اتوار کو چھٹے دن بھی جاری رہا

وائناڈ سانحہ میں متوفیوں کی تعداد 365 ہوگئی، جاں بحق ہونے والوں میں30بچے شامل ، بچاؤ آپریشن اتوار کو چھٹے دن بھی جاری رہا

Mon, 05 Aug 2024 13:08:22    S.O. News Service

وائناڈ ، 5/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) کیرالہ کے وائناڈ میں مٹی کے تودے گرنے کے اندوہناک حادثےمیں جان گنوانے والوں کی 365 ہوگئی ہے،206 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ریسکیو ٹیم کا آپریشن اتوار کو چھٹے دن بھی جاری رہا ۔جاں بحق  ہونے وا لوں میں30بچے شامل ہیں۔ دفاعی فورسیز، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، پولیس، فائر سروس کے اہلکاروں سمیت 1500 کارکنان پرمشتمل ایک ریسکیو ٹیم نے سنیچر کی صبح چورلمالا، ویلاریمالا، منڈاکئی اور پنچیریماڈوم کے چار سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں تلاشی مہم شروع کی جو اتوار کو بھی جاری رہی۔ کیرالا حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ اب تک 152لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ 74 مہلوکین کی شناخت ہونا باقی ہے۔  ملبے سے بڑی تعداد میں مسخ شدہ جسم کے اعضاء بھی برآمد ہوئے ہیں۔وائناڈ میں تقریباً۱۰۰؍ ریلیف کیمپ ہیں جن میں تقریباً 9500متاثرین کو منتقل کیا گیا ہے۔ ضلع کے مختلف اسپتالوں میں89افراد داخل ہیں۔

کیرالہ حکومت نے ایک بیان کہا ہے کہ 217 لاشوں اور143جسمانی اعضاء کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے اور119 مہلوکین کی  باقیات لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ بیان کے مطابق518 افراد کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جن میں سے89 کا علاج جاری ہے۔ اس دوران کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے کہا ہے کہ 30جولائی کو شروع ہونے والی تلاشی مہم اور ریلیف آپریشن آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ 206 افراد کو تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا ہے۔لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن اتوار کو مسلسل پانچویں روز بھی جاری رہا۔1300 سے زائد امدادی کارکن، بھاری مشینیں اور جدید ترین آلات کے استعمال کے ذریعہ ملبے میں اب بھی پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں کرر ہے ہیں۔ساؤتھ کے معروف اداکار موہن لال  جو122 علاقائی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل(اعزازی) ہیں اور کنور یونٹ سے منسلک ہیں ،سنیچر کی صبح اپنی یونٹ کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں پہنچے۔ فوجی وردی پہنے ہوئے موہن لال سب سے پہلے مپڈی میں واقع بیس کیمپ پہنچے اور دفاعی فورسیز سے ملاقات کی۔ اس کے بعد وہ چورلمالا پہنچے اور ریسکیو ٹیم سے بات چیت  کی۔

کیرالہ کے سی ایم پی وجین نے کہا کہ حکومت ان لوگوں کی باز آبادکاری کیلئے ایک ٹاؤن شپ بنائے گی جو وائناڈ لینڈ سلائیڈ میں اپنے گھر اور زمین سے محروم ہوچکے ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے کے باقی ماندہ لوگوں کو یہاں آباد کیا جائے گا۔ راہل گاندھی اور کرناٹک حکومت نے لینڈ سلائیڈنگ متاثرین کیلئے 100مکانات بنانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ریلیف کیمپوں میں رہنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے گھروں میں چوری کی وارداتیں ہو رہی ہیں۔ کچھ لوگ رات کو آکر گھروں سے قیمتی سامان چوری کر رہے ہیں۔ رپورٹ درج کرنے کے بعد پولیس چوروں کو پکڑنے کیلئے گشت کر رہی ہے۔

 لینڈ سلائیڈنگ کے چھٹے دن اتوار کو صبح 7 بجے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ۶؍ ٹیموں میں شامل1264افراد نے منڈکئی، چورلمالا اور ساملی مٹم میں تلاشی مہم  شروع کی۔ وزیر اعلیٰ کاکہنا ہےکہ بچاؤ آپریشن آخری مرحلے میں ہے۔ محکمہ موسمیات نے  اس دوران کیرالا کے6 اضلاع کاسرگوڈ، کنور، وائناڈ، کوزی کوڈ، اڈوکی اور کوٹیم میں بارش کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔کیرالا کے وزیر اے کے سسندرن نے کہا کہ ہم نے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے کو6 زون میں تقسیم کیا ہے۔ ہر زون میں40 افراد پر مشتمل ٹیم سرچ آپریشن کر رہی ہے۔ مرکزی وزیر سریش گوپی اتوار کو وائناڈ میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کو قومی آفت قرار دینے کے مطالبے  پر غور کیاجائے گا۔ اس کے بعد ہی مرکز کی طرف سے امداد فراہم کی جائے گی۔اداکار چرنجیوی نے ایک کروڑ اور الو ارجن نے متاثرین کیلئے 25 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔


Share: